کاروار 25جون (ایس او نیوز)ریاستی سرکار نے 25 آئی اے ایس افسران کے تبادلے کردئے ہیں جن میں سخت گیر اور فعال ڈپٹی کمشنر کے طور معروف ضلع شمالی کینرا کے ڈی سی مسٹر اجول کمار گھوش کا نام بھی شامل ہے۔ اس سے پہلے بھی دو تین بار ان کے ٹرانسفر کی خبریں آئی تھیں، مگر وہ عوام میں ایک مقبول ڈی سی کے طور پر اپنا مقام بنائے ہوئے تھے اس لئے ایک مرتبہ تو ان کے تبادلے کے خلاف زبردست عوامی احتجاج بھی ہوا تھا۔بہرحال اب جو تبادلے ہوئے ہیں اس میں اجول کمار گھوش کوشامل کیا گیا ہے۔ اجول کمار گھوش جہاں ایک طرف عوام میں قانون کے دائرے میں رہ کر عوامی مسائل کو بڑی تندہی سے حل کرنے کے لئے معروف تھے وہیں پر عوامی منتخب نمائندوں اور بعض عوامی حلقوں میں اپنے طریقہ کار کی وجہ سے وہ ایک ناپسندیدہ ڈی سی کی حیثیت بھی رکھتے تھے۔ بھٹکل ایم ایل اے منکال ویدیا کے ساتھ ان کی نوک جھونک تو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔اس کے علاوہ یلاپور،کمٹہ اور کاروار کے ایم ایلز کے ساتھ بھی ان کی نہیں بنتی تھی۔ڈی سی کے تبادلے کی اس خبر پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایم ایل اے منکال ویدیا نے کہا کہ کسی بھی سرکاری افسر کو ایک ہی مقام پر بڑی مدت تک نہیں رہنا چاہیے۔ سرکاری افسران کا تبادلہ معمول میں شامل ہے ۔ اجول کمار گھوش کے لئے میری نیک تمنائیں ہیں۔ ان کی خالی جگہ پُر کرنے والا افسر اور بہتر انداز میں کام کرے گا ایسی توقع رکھتا ہوں۔کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کمٹہ ایم ایل اے شاردا شیٹی نے بھی کیا۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اجول کمار ایک ضابطے کے پابند اور سخت گیر قسم کے افسر تھے، مگر ان کے اندر انسانی ہمدردی والا ایک نرم دل انسان بھی موجود تھا۔ کئی دفعہ پریشان حال لوگوں کی مدد سرکاری طور پر کرنے کے علاوہ خود اپنی جیب سے ضرورتمندوں کی مدد کرنے کے واقعات بھی ان کے ریکارڈ میں شامل ہیں۔وہ قانون کے دائرے سے باہر قدم نہیں رکھتے تھے اس لئے کبھی کبھار یہ قانونی پابندیاں ترقی کی راہ میں رکاوٹ بھی بن جاتی تھیں۔عوامی مقامات سے غیر قانونی قبضہ جات ہٹانا، غیر قانونی طورپرریت اور پتھر نکالنے والوں کے خلاف اقدامات، کاروار اور مرڈیشورساحل پر غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ جات ہٹانا، غیر قانونی شراب کشید کرنے کے خلاف اقدام وغیرہ ان کے اہم کام ہیں جس کی وجہ سے وہ ہمیشہ سرخیوں میں رہے۔تقریباً ہر محکمے کے افسران اور اہلکاروں پر ڈی سی کی ضابطے کی پابندی کا خوف ہمیشہ چھایا رہتا تھا۔اب وہ ضلع شمالی کینر ا سے کچھ میٹھے کچھ کڑوے تجربات کے ساتھ ضلع سے دوسرے مقام کی طرف نکل گئے ہیں۔
مسٹر اجول کمار گھوش کی جگہ پر کوشال نگر کے ایس ایس نکول کو ضلع شمالی کینرا کا ڈی سی متعین کیا گیا ہے۔ وہ فی الحال بلاری ضلع پنچایت کے سی ای او کا عہدہ سنبھال رہے تھے۔مسٹر نِکُول 2010 بیاچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔الیکٹرانک اینڈ کمیونی کیشن میں بی ای کی ڈگری پائی ہے۔انہوں نے باگلکوٹ کے ڈی سی کے طورپر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ضلع شمالی کینرا میں ایک کنڑیگا ڈی سی کے بطور آنے والے یہ دوسرے ڈپٹی کمشنرہیں۔ اس سے پہلے بی این کرشنیا کنڑیگا ڈی سی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔نِکُول کانام گزشتہ مہینے اپنی بیوی کی زچگی(ڈیلیوری) سرکاری اسپتال میں کروانے کی وجہ سے پوری ریاست میں عوام کی زبان پر عام ہوگیا تھا۔ اب ضلع شمالی کینرا میں نِکُول اپنا طریقہ کار اپناتے ہیں یا پھر سابق ڈی سی اجول کمار کی راہ پر چل پڑتے ہیں یہ بات آئندہ کچھ دنوں میں صاف ہوجائے گی۔